سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کے لیے پروفیشنل و کوالیفائیڈ عملے کی بھرتی کا آغاز کر دیا

 
0
293

اسلام آباد جنوری 22 (ٹی این ایس): بھرتی کے عمل میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔ اس ضمن میں مختلف اخبارات میں بھرتی کے اشتہار شائع کر دیئے گئے ہیں۔
سی ڈی اے جو کہ اسلام آباد کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار ہے اور اس ذمہ داری کو کما حقہ پورا کرنے کے لیے مزید عملے کی بھرتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے کے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے بھرتی کا اشتہار اخبارات میں شائع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پلاننگ وڈیزائن کے شعبے میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، ٹاؤن پلانرز،ٹریفک انجینئر، اسسٹنٹ ٹاؤن پلانر، اسسٹنٹ کوآنٹیٹی سرویئر کی آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے اسلام آباد میں لینڈ کی ڈیجٹیلائزیشن اور پلاننگ کی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے وژن کے تحت سی ڈی اے نے جہاں پلاننگ ونگ کو مزید اپ گریڈ کرنے کے اقدامات اٹھائے ہیں وہاں GISلیبارٹری کے قیام کے علاوہ سروے آف پاکستان سے بھی باہمی مفاہمت کی یاداشت پر بھی حال ہی میں دستخط کئے ہیں جس کے تحت سروے آف پاکستان سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے بھر پور معاونت کرے گا جس میں پلاننگ ونگ کے افسران اور عملے کو اس ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں پیشہ وارانہ تربیت بھی دے گا جبکہ اسلام آباد کی مستقبل کی منصوبہ بندی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لیے معاونت کرے گا جس کے لیے سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ کے افسران اور عملے کے ہمراہ مل کر آئندہ کی منصوبہ بندی کے بارے سفارشات تیار کی جائیں گی۔
اس صورتحال کے پیش نظر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پلاننگ ونگ میں ماہرین کی کمی کو پورا کرنے اور مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مزید عملہ بھرتی کیا جائے۔توقع ہے کہ پلاننگ ونگ میں نئے افسران اور عملے کی بدولت اسلام آباد کی منصوبہ بندی اور تعمیر و ترقی میں مزید نکھار پیدا ہو گا۔