وزیر اعلی پنجاب کا انوکھا اقدام

 
0
369

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری دفاتر میں جمع کاٹھ کباڑ، بے کار مشینری اور ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی کر کے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچا دیا، ملک کی واحد صفائی مہم جس پر فنڈز جاری کرنے کی بجائے پنجاب حکومت نے فنڈز جنریٹ کرلئے
لاہور جنوری 27 (ٹی این ایس): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کچھ عرصہ قبل پنجاب پولیس سمیت سرکاری محکموں، کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ دفاتر میں موجود بے کار سامان، ناکارہ مشینریوں اور گاڑیوں کی قوائد کے مطابق فوری نیلامی کی جائے- سرکاری دفاتر میں سالوں سے موجود کباڑ کا ڈھیر نہ صرف دیکھنے میں برا لگتا تھا بلکہ ماحول کی آلودگی کا سبب بھی بنتا تھا- اکثر دفاتر میں سٹور رومز نے ملازمین سے زیادہ جگہ گھیر رکھی تھی جس سے عملے کو کام کرنے میں دقت کا سامنا تھا اور دفاتر میں آنے والے سائلین کیلئے بیٹھنے کی مناسب جگی بھی موجود نہ تھی-
تاہم وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر شروع کیئے جانے والے اس اقدام سے دفاتر کی خوبصورتی اور کارکردگی میں واضح بہتری آئی گی- تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے تمام تھانوں سمیت آئی جی آفس میں 2 فیزوں میں کی جانے والی نیلامی سے حکومتی خزانے کو اب تک 25 کروڑ روپے کا فائدہ ہو چکا ہے اور 32 سرکاری محکموں سمیت 9 کمشنرز اور 24 ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے بے کار فرنیچر، مشینری اور گاڑیوں کی نیلامی سے مزید 25 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے- رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نیلامی کے عمل کو جلد از جلد قانون کے مطابق مکمل کیا جائے-