سندھ کے نئے آئی جی پولیس کا نام سامنے آگیا

 
0
576

کراچی جنوری 27 (ٹی این ایس): سندھ کے نئے آئی جی پولیس کا نام سامنے آگیا، وزیراعلی مراد علی شاہ کی درخواست کے بعد مشتاق مہر کو صوبے کی پولیس کا نیا سربراہ بنائے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ سندھ کے نئے آئی جی پولیس کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وفاق کی جانب سے تجویز کردہ تین ناموں میں سے مشتاق مہر ممکنہ طور پر سندھ کی پولیس کے نئے سربراہ ہوں گے۔
کلیم امام کی جگہ مشتاق مہر کو نیا آئی جی پولیس سندھ تعینات کرنے کا حتمی اعلان 1 سے 2 روز میں کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل پیر کے روز وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں آئی جی سندھ اور امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال ،انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں گورنرسندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کا آئی جی سندھ کی تبدیلی کی درخواست منظور کرلی۔ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی مشاورت سے نیا آئی جی پولیس لگایا جائے گا۔ قواعدوضوابط کے تحت مشاورت کرکے ہی آئی جی تعینات کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر عمران اسماعیل نے بھی آئی جی سندھ کی تبدیلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا استحقاق ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے آئی جی پولیس کو تبدیل کرسکتی ہے۔
گورنر کے مشورے کے بعد وزیراعظم نے سندھ حکومت کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ سندھ کے آئی جی پولیس کلیم امام اور صوبائی حکومت کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات چل رہے ہیں۔ آئی جی پولیس نے صوبائی حکومت کا دباو قبول کرنے کی بجائے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کاروائیاں کیں۔ سندھ پولیس کی جانب سے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھی کاروائیاں کی گئیں جس کے بعد صوبائی حکومت نے آئی جی پولیس کیخلاف محاذ کھول لیا اور اعلان کیا کہ انہیں ہر صورت تبدیل کر دیا جائے گا۔