پی آئی اے کی فضائی میزبان اسمگلنگ میں ملوث نکلی

 
0
243

لاہور جنوری 29 (ٹی این ایس): پی آئی اے کی فضائی میزبان اسمگلنگ میں ملوث نکلیں ۔تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اور لا جواب سروس کا راگ الاپنے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے اپنے کارناموں کی وجہ سے اکثر و بیشتر ہی خبروں کی زینت بنی رہتی ہے۔ کبھی مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کی عدم دستیابی تو کبھی پی آئی اے کے خراب جہاز۔ تاہم اب پی آئی اے کی فضائی میزبان کے اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی سیکورٹی نے کاروائی کی ہے اور سمگلنگ میں ملوث فضائی میزبان کو گرفتار کر لیا ہے۔پی آئی اے سیکیورٹی حکام کے مطابق فضائی میزبان سونے کی چوڑیاں سمگل کر رہی تھی،فضائی میزبان پر مخصوص مقدار سے زیادہ سونا کے کر جانے پر پابندی عائد ہوتی ہے۔ائیر ہوسٹس کا نام بینش سلیم بتایا گیا ہے جس سے مخصوص مقدار سے زائد سونا برآمد ہوا۔
فضائی میزبان کو تین دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ فضائی میزبان نے سونا لاہور سے لندن سمگل کرنے کی کوشش کی تاہم اب ان پر انٹرنیشنل پروازوں کے ساتھ جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان کی قومی ائیر لائن کی ائیر ہوسٹس سمگلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں۔گذشتہ سال پی آئی اے کی فضائی میزبان زارا سلیم کے سامان سے 380 گرام سونا برآمد ہوا تھا۔
جس کے بعد ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے فضائی میزبان زارا سلیم کو کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا ۔ فضائی میزبان قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 791 سے اسلام آباد سے برمنگھم جارہی تھی کہ ان کے سامان سے 380 گرام سونا برآمد ہوا۔ کسٹمز حکام نے زارا سلیم سے برآمد ہونے والا تمام سونا قبضے میں لے لیا ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافروں کی جانب سے سامان کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا جاتا ہے تاہم فضائی میزبان کے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونا اور اسمگلنگ کی کوشش کرنا نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔