چکوال جنوری 30 (ٹی این ایس): چکوال ڈپٹی کمشنرچکوال کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے گزشتہ رات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور علا ج معالجہ کی سہو لیات اور ادویات کی فراہمی کے حوالے دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز سے بھی تبا دلہ خیال کیا اور ان سے ایمر جنسی کے حوالہ سے درکار ضروریات وسہو لیات اور مسائل سے آگہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے عملہ کی حاضری اورکارکردگی کا معائنہ کیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے وہاں موجود پناہ گاہ اور ہسپتال کی کینٹین کا بھی جائزہ لیا۔ کینٹین کی ناقص انتظامات پر کینٹین کے مالک پر جرمانہ بھی عائد کیا۔
اس کے علاوہ انھوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد بن اشرف کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی چکوال کا دورہ کر کے سبزیوں و پھلوں کی بولیوں کے عمل اور تھوک قیمتوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کے عمل کے جائزے کا مقصد مارکیٹوں میں سستی اشیاء خورونوش کی فراہمی ہے تاکہ تمام سرکاری نرخوں پر فراہم اشیاء خور ونوش کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ریٹس کو سرکاری طے شدہ ریٹ سے بڑھنے نہ دیں تاکہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے. اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال محمد بن اشرف نے سیکورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا.