بلدیہ ٹاون کیس آخری مراحل میں داخل، انسداد دہشت گردی عدالت کے احکامات جاری

 
0
335

کراچی فروری 05 (ٹی این ایس): سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس آخری مراحل میں داخل ہوگیا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

کراچی سینٹرل جیل کے انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر7 کے روبرو سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے ملزمان رحمن بھولا اور زبیر چریا کو پیش کیا، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ اور دیگر بھی پیش ہوئے، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ نے دلائل دیے، ساجد محبوب شیخ نے ملزم رحمن بھولا کا اعترافی بیان عدالت کو پڑھ کر سنایا۔

اعترافی بیان کے مطابق فیکٹری مالکان سے 25 کروڑ یا پارٹنر شپ کا تقاضا حماد صدیقی کے کہنے پر کیا تھا، مالکان کے انکار کی صورت میں فیکٹری کو جلانے کے احکامات ملے، آگ لگانے کا ٹاسک ملزم زبیر چریا کو دیا گیا، زبیر چریا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فیکٹری کو آگ لگائی۔

ساجد محبوب شیخ نے ملزم رحمن بھولا کے اعترافی بیان کے علاوہ بھی دیگر شہادتیں پڑھ کر سنائیں، عدالت کے روبرو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے 350 سے زائد شہادتیں پڑھ کر سنائیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر بھی ساجد محبوب شیخ کو دلائل جاری کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی ہے۔