وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا لاہور چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام حج سیمینار سے خطاب

 
0
303

لاہور۔21 فروری(ٹی این ایس): وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ہمارامشن حجاج اکرام کی بہتر سے بہتر خدمت کرنا ہے، بزنس کمیونٹی حج کو کاروبار کی نظر سے کم اور عبادت کی نظر سے زیادہ دیکھے عبادت کے ساتھ ساتھ بزنس کے جزوی فائدے ہیں حاجیوں کو جو بھی مشکلات آتی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں امسال ٹرانسپورٹ اوربلڈنگ سمیت دیگر تمام اقدامات بہتر کئے جارہے ہیں،گزشتہ سال اقتصادی صورتحال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے حج سبسڈی پر ہمیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ،اس وقت ملکی معیشت ایسی نہ تھی کہ بہتر سبسڈی دی جاتی،ہم نے تمام شرعی پہلوﺅں کو دیکھ کر فیصلہ کیا،وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ حج اخراجات کو مزید کم رکھنا ہے،حج کیلئے 5 لاکھ 40 ہزارروپے کی رقم کو مزید کم کر کے 4 لاکھ 65 ہزار سے 4 لاکھ 85 ہزارروپے تک لائے ہیں، انتہائی مشکل حالات میں یہ بہترین حج پیکج ہے، پرائیویٹ حج پالیسی میں مزید شفافیت اور ٹرانسپرنسی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں میرٹ کی خلاف ورزی نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام حج سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرنور الحق قادری نے کہا کہ امسال وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں کہ کسی بھی صورت میں ہم نے حج کو مہنگا ہونے سے بچانا ہے اس کیلئے ہم نے سعودی ایئر لائنز ¾ سعودی وزارت حج سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کئے ہیں تاکہ حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دیکر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق حج کیلئے 5 لاکھ 40 ہزارروپے کی رقم کو مزید کم کر کے 4 لاکھ 65 ہزار سے 4 لاکھ 85 ہزارروپے تک لائے ہیں، ان مشکل حالات میں یہ سب سے مناسب اور بہترین پیکج ہے۔ انہوںنے کہا کہ کچھ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی طرف سے عدالتوں میں درخواستیں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ حج پالیسی تاخیر کا شکار ہوئی ہے، ہم بہت جلد پرائیویٹ حج پالیسی جاری کریں گے جس میں شفافیت کے ساتھ ساتھ میرٹ کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصاد ی اعتبار سے کراچی کے بعد لاہورپاکستان کی شہ رگ ہے کیونکہ جب بلوچستان ¾ خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں کے حالات بہت مشکل تھے اور معاشی طور پر ان علاقوں میں صورتحال بہت کمزور تھی تو اس وقت لاہوریوں نے ان علاقوں سے بزنس کےلئے آنیوالے لوگوں کا نہ صرف استقبال کیا بلکہ ان کو کاروبار کرنے کے حوالے سے کبھی کوئی مشکل پیش نہیں آنے دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور کی اس فراخ دلی کا میں ہر جگہ اعتراف کرتا ہوں ¾ لاہور میں ایک پوٹینشل ہے اور انشاءاللہ بہت جلد لاہور اس ریجن کا اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے بڑامرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے پشاور ¾ کوئٹہ ¾ کراچی ¾ اسلام آباد اور لاہور کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے جس میں ہم لاہور چیمبر آف کامرس کے لوگوں کو بھی مشاورت کیلئے شامل کریں گے تاکہ وہ ہمیں مخصوص بجٹ کے اندر رہتے ہوئے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے رائے دے سکیں۔