وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا تقریب سے خطاب

 
0
451

اسلام آباد ۔ 21 فروری (ٹی این ایس)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، ملک دہشت گردی کو پس پشت ڈال کر خوشحالی اور سیاحت کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے، مارچ میں نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں 200 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں، دارالحکومت میں سات لاکھ سے زائد لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام نوجوانوں کیلئے انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کے حوالہ سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ دہشت گردی سابقہ حکومتوں کی طرف سے ورثہ میں ملی، ملکی خسارے اور غیر مستحکم ادارے تحریک انصاف کیلئے بڑا چیلنج تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کیلئے 10 ارب روپے فوری ادا کرنا ہوتے ہیں، اگر ادا نہ کئے جائیں تو ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ جاتا ہے، یقیناً یہ حالات ملک و قوم کیلئے مشکل ہوتے ہیں لیکن حکومت کی کوششوں سے پاکستان ان مشکل حالات سے نکل آیا ہے، دہشت گردی دم توڑ چکی ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سیاحت کی ترقی ریکارڈ سطح پر ہے، آج شمالی علاقوں میں غیر ملکی سیاح مکمل تحفظ کے ساتھ آتے اور جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین نوجوان قوت موجود ہے، حکومت نے ان نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالہ سے احساس کامیاب جوان جیسے پروگرام شروع کئے ہیں، حکومت نے 192 ارب روپے کے پروگرام کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کیلئے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لنگر خانوں اور پناہ گاہوں پر تنقید کرنے والوں کو میں کوئی جواب نہیں دینا چاہتا مگر حقائق سر چڑھ کر بولتے ہیں، اس وقت ملک میں 200 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جس میں لوگ جا کر شب بسری کرتے ہیں اور اسی طرح لنگر خانوں میں انہیں کھانے پینے کی بہترین سہولتیں میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اسی طرح اپنے شہریوں کا خیال کرتی ہے، برطانیہ میں بھی اسی طرز پر شیلٹر سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں، اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں 7 لاکھ سے زائد لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے پاکستانیوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے تحت 57 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیئے گئے ہیں جس پر انہیں سرکاری اور بہترین غیر سرکاری ہسپتالوں میں سات لاکھ تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ذریعے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔