کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو 1 کھرب ڈالر نقصان کا امکان، حکومتیں بچائو کے لیے فوری اقدامات کریں،اقوام متحدہ

 
0
458

اقوام متحدہ ۔ 11 مارچ (ٹی این ایس): اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وباء کے باعث عالمی معیشت کو رواں سال 1 کھرب ڈالر سے زیادہ نقصان ہوسکتا ہے، حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اس وائرس کے اثرات سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی جائزہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے تیز پھیلائو کے باعث کچھ ممالک کساد بازاری کا شکار ہوسکتے ہیں جبکہ مجموعی عالمی اقتصادی شرح نمو بھی سست روی کا شکار ہوگی۔ ادارے کے گلوبلائزیشن و ڈویلپمنٹ سٹریٹجیز کے ڈائریکٹر رچرڈ کوزل رائٹ کا کہنا ہے کہ رواں سال عالمی اقتصادی شرح نمو 2 فیصد سے کم رہنے کا اندازہ ہے جو ستمبر کے اندازے سے 1 ٹریلین (کھرب ) ڈالر کم ہوگا۔یہ رپورٹ ایسے وقت پر جاری کی گئی ہے جب عالمی مالیاتی ادارے چین کے ساتھ سپلائی چین متاثر ہونے کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اس کے علاوہ خام تیل کے برآمد کنندگان کے درمیان عدم مفاہمت بھی سیال دولت کے نرخوں میں غیر یقینی صورتحال کا باعث بن رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ لگانا کہ بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹس کورونا وائرس کے اثرات سے کیسے نمٹیں گی، قبل از وقت ہے۔رچرڈ کوزل رائٹ نے کہا کہ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس کے تدارک اور اس کا خوف کم کرنے کے لیے بروقت اقدامات کریں ورنہ اس کے نقصانات توقع سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔کورونا سے متاثرہ ممالک بشمول امریکا اور چین کے ردعمل بارے سوال پر رچرڈ کوزل رائٹ نے کہا کہ چینی حکومت کی جانب سے اخراجات میں اضافے اور ٹیکسوں میں رعایت جیسے نمایاں اقدامات کا امکان ہے۔