سی ڈی اے انتظامیہ نے ادارے کی پلاننگ ونگ کے ملازم سید محمد ریاض مصطفےٰ عابدی کو دھوکہ دہی کا الزام ثابت ہونے پر سروس سے فوری طور پر معطل کر دیا

 
0
339

اسلام آباد مارچ 13 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ نے ادارے کی پلاننگ ونگ کے ملازم سید محمد ریاض مصطفےٰ عابدی کو دھوکہ دہی کا الزام ثابت ہونے پر سروس سے فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور سی ڈ ی اے کے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد مذکورہ ملازم کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مذکورہ ملازم نے شہری کو ماڈل ویلج کری میں بوگس پلاٹس فروخت کر کے 50 لاکھ روپے وصول کئے تاہم وہ پیسے لینے کے باوجود یہ پلاٹ ٹرانسفر نہ کروا سکا جس پر شہری نے ”پاکستان سٹیزن پورٹل“ پر شکایت درج کی تو سی ڈی اے انتظامیہ نے سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کو انکوائری کے احکامات صادر کئے۔ انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ ملازم نے جو چھ پلاٹ فروخت کئے ہیں ان میں پانچ پلاٹ بوگس ہیں۔ دوران انکوائری یہ بھی ثابت ہو گیا کہ ملازم نے شہری سے رقم وصول کی تھی وہ اس کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئی تھی۔ سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کی جانے والی انکوائری کی روشنی میں سی ڈی اے انتظامیہ نے سید محمد ریاض مصطفی عابدی کو فوری طور پر سروس سے معطل کر کے باضابطہ انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔