گھنٹوں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 8لاکھ15ہزار 548خاندانوں کو امداد انکی دہلیز تک پہنچا دی گئی ہے ‘ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

 
0
652

اسلام آباد ۔ 11اپریل (ٹی این ایس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ48 گھنٹوں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 8لاکھ15ہزار 548خاندانوں کو امداد ان کی دہلیز تک پہنچا دی گئی ہے ‘ اڑھائی سے تین ہفتوں میں ملک بھر میں ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں میں 144ارب روپے پہنچانے کا ہدف مکمل کر لیا جائے گا’ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام حقوق العبار کی پاسداری کی روشن مثال ہے ‘ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں احساس پروگرام کے ذریعہ مشکل کی اس گھڑی میں ریاست ماں کا روپ دھار کے عوام کے حقوق کا تحفظ ادا کررہی ہے ‘ پاکستان کی تاریخ پر پہلی حکومت ہے جو ہیومین ریسورس( انسانی وسائل) پر خرچ کر رہی ہے ‘ احساس ایمرجنسی کیشں پروگرام کے تحت کیش وصولی کے لئے اسلام آباد میں 27کیش پوائنٹ مقرر کی گئے ہیں ‘ عوام سے اپیل ہے کہ جس شخص کے موبائل پر پیغام آئے وہ امداد وصول کرنے کے لئے کیش پوائنٹ پر جائے، وہ ہی لوگ جائیں ، پیغامات کے بغیر ہجوم سے گریز کیا جائے ۔ وہ ہفتہ کو اسلام آباد میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے لئے کیش پوائنٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ ‘ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ‘نادرا ‘ وزارت تخفیف غربت اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کا اولین فرض اور ترجیح ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے’ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام بھی ریاست کی اسی سوچ کی عکاس کا ایسا پروگرام ہے جو وزیراعظم کی ریاست کے احساس کے ساتھ جڑے ویژن کا آئینہ دار ہے’ اس پروگرام میں وزیراعظم کے پسے ہوئے محنت کشوں ‘مزدوروں اور مستحقین کے ساتھ گہرے رشتہ کی جھلک نظر آتی ہے’ نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر رکھی گئی ہے ‘احساس ہی ایک سوچ ہے جو ایک دوسرے کی تکالیف میں معاون بنتی ہے’احساس پروگرام ریاست مدینہ کی عکاسی کرتا ہے ‘احساس ہی انسان کا دوسرے انسان کے ساتھ حقوق العباد سے جڑا حقیقی تعلق ہے’ حضرت محمد ۖاحساس کارول ماڈل تھے جنہوں نے دنیا کو انسانیت سے پیار کرنا سیکھایا ‘ قرآن پاک میں سب سے پہلے انسانی حقوق کی تشریح ہوئی’ قرآن کی شکل میں چارٹر آف ہیومن رائٹس دنیا کے سامنے لایا گیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم اس دور کی بھی گواہ ہے کہ ایک کروڑغریب پر خرچ تو اس وقت کی قیادت دو کروڑ اپنی ذاتی تشہیر پر خرچ کرتی تھی’ وزیراعظم عمران خان ایک ایک پائی کے امین بن کر حق حقدار تک پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے اندر شفافیت کا جدید ترین ٹیکنالوجی سے جڑا حسین امتزاج ہے ‘دنیا میں ایسے پروگراموں کی نظیر کم ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کیش پروگرام میں وزارت سماجی تحفظ و تخفیف غربت ‘ نادرا ‘ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی دن رات کی محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مٹھی بھر منافع خوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں منافع کی بجائے ثواب کمانے کو ترجیح دیں ‘ مخیر حضرات اپنی تجوریوں کا منہ مستحقین کے لئے کھول دیں ۔ انہوں نے کہا کہ امتحان آتا ہے تو ان لمحات میں چیلنجز کو مواقعوں میں بدلنے والی قومیںہمیشہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے’ زلزلہ ‘سیلاب یا قدرتی آفات میں حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے کیونکہ اس کیلئے مخصوص علاقہ ہوتا ہے لیکن کرونا وائرس ملک بھر میں ہے اس سے اکیلا حکومت نمٹنا مشکل ہے ‘پوری قوم کے ساتھ ملکر کرونا وائرس کو شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس پروگرام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور جوں جوں نظام میں مشکلات یا کمزوریاں نظر آتیں ہیں انہیں فوری طور پر ٹھیک کیا جارہا ہے ۔