کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی تمام امیدیں اور توقعات نوجوان طبقے سے وابستہ ہوتی ہیں، راحیلہ حمید خان درانی

 
0
448

کوئٹہ جولائی21( ٹی این ایس ) :اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی تمام امیدیں اور توقعات نوجوان طبقے سے وابستہ ہوتی ہیں کیونکہ آج کا طالبعلم ہمارے آنے والے کل کے سائنسدان،ڈاکٹر اور سیاستدان ہونگے۔نوجوانوں کو جدید تعلیم اور اجتماعی شعور کی روشنی سے منور کرکے ہی انکی سوچ اور رویوں میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔موجودہ حکومت ایک پڑھا لکھا اور پرامن بلوچستان کے ویژن پر عمل پیرا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال کے علاوہ ماہرین تعلیم اور صوبے کے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔واضح رہے کہ دیگر صوبوں سے تقریباً 3سو طلباء و طالبات بلوچستان کے چار روزہ مطالعاتی دورے پر ہیں۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے طلبہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ ہی ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور آپ ہی نے مستقبل قریب میں ملک و قوم کے امور و معاملات کو چلانا ہوگا۔اس سلسلے میں آپ پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے کہ آپ نہ صرف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کریں بلکہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے ان کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے کل آبادی کا نصف حصہ ہیں زندگی کے تمام شعبوں میں معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں میں انکی شرکت کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے۔اس سلسلے میں موجودہ حکومت خواتین کو ملک میں معاشی طور پر خود مختاربنانے اور انکی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے کئی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔اس کے علاوہ خواتین کے حقوق کی پاسداری اور معاشرے میں انکو مساوی مقام دلانے کیلئے قانون سازی بھی کی جارہی ہے جس میں ہمیں کافی حد تک کامیابی ملی ہے اوروہ دن دور نہیں جبملک و قوم کی نصف سے زیادہ آبادی صوبہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتیں امن وامان کو یقینی بنانے اور دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بھرپور کاوشیں کررہی ہے جس کے نتیجے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بلوچستان میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقصادی راہداری منصوبہ نہ صرف چین اور پاکستان کیلئے بلکہ پورے خطے کیلئے یہ ایک عظیم منصوبہ ہے۔اس منصوبہ کی تکمیل سے پورا خطہ بالخصوص پاکستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ترقی و خوشحالی کی ایک نئی لہر پیدا ہوگی قوموں کی تقدیر تبدیل کرنے میں ایسے معاشی منصوبوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ذاتی دلچسپی اس سلسلے میں قابل تحسین ہے۔انہوں نے بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی بڑھتی ہوئی شرح پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وومن یونیورسٹی کا آغاز صرف ایک محدود تعداد سے ہوا تھااور آج اس کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی ہے جو ایک خوش آئند عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو عزت و احترام دینا ہماری قومی اقدار،روایات کا حصہ ہے۔اسپیکر نے طلباء و طالبات کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ایسا روشن مستقبل جس کا خواب آپ کے والدین کیساتھ ساتھ ہم سب دیکھ رہے ہیں۔اب یہ آپ کا فرض ہے کہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور جو سہولتیں آپ کو فراہم کی جارہی ہیں ان سے پورا فائدہ اٹھائیں تاکہ آنے والے وقت میں ایک ذمہ دار شہری اور محب وطن پاکستان بن کر ملک اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔تقریب کے شرکاء سے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ادوار میں تعلیم کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی تاہم موجودہ حکومت نے تعلیم کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیم کے بجٹ کو4فیصد سے بڑھا کو 24فیصد کردیا جس کے آج الحمداللہ تعلیمی شعبے پر مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے دیگر صوبوں کے طلباء و طالبات کے دورہ بلوچستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بغیر ہم نظام کو ٹھیک نہیں کرسکتے۔دنیا نے جدید تعلیمی طریقوں کو اپنا کر ہی ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بلوچستان کے طلبہ بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت نے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور ہم نے عہد کرلیا ہے کہ تعلیم کے میدان میں ہم اب کسی سے بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔اس سے قبل سیکرٹری ٹو اسپیکر ظہور احمد نے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلباء و طالبات کو بلوچستان اسمبلی کے تاریخی پس منظر سے متعلق آگاہ کیا۔طلباء و طالبات کو بلوچستان اسمبلی ہال اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کروایاگیا۔