کراچی، کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ، 3پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر بچہ جاں بحق ، بچہ زخمی ہوگیا

 
0
323

کراچی جولائی21(ٹی این ایس)کراچی کے علاقے کورنگی میں دارلعلوم کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیاہے ۔گورنرسندھ ،وزیراعلیٰ سندھ ، وزیرداخلہ سندھ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی میں واقع دارالعلوم کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے عوامی کالونی تھانے کے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکاراور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق پولیس اہلکار موبائل میں چوکس نہیں تھے بلکہ پرسکون حالت میں بیٹھے تھے کہ ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک اہلکار امجد اور ایک اور راہ گیر بچہ بھی زخمی ہوا ہے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جہاں زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے جبکہ زخمی بچے کی شناخت محمد علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں کے پاس بلٹ پروف جیکٹس موجود تھیں جو کہ گاڑی میں رکھی ہوئی تھیں تاہم حملے کے وقت وہ اسے پہنے ہوئے نہیں تھے۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کی جگہ سے گولیوں کے خول بھی ملے ہیں، تاہم فوری طور پر نہیں بتایا جا سکتا کہ یہ کس بور کے پسٹل کی گولیاں ہیں۔تفتیشی حکام قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت ہو سکے۔جناح اسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت قمرالدین ، بابر علی اور امجد کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 6 تھی جو تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، حملہ آوروں نے کالے رنگ کے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔جو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیئے ہیں ۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادرتھیبوسے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔گورنرسندھ محمدزبیر، سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس موبائل پرفائرنگ کا نوٹس لے لیاہے۔آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی، آئی جی سندھ نے ایس ایس پی کو ملزمان کو جلد گرفتارکرنے کی ہدایت کی ہے۔انچارچ سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ فائرنگ کے واقعہ میں 3 اہلکارشہیدہوئے ہیں۔واقعہ میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس موبائل پٹرولنگ پرتھی۔انہوں نے کہاکہ فائرنگ واقعہ میں ایک بچہ شہیداورایک راہگیرزخمی ہوا ہے۔فائرنگ کے واقعہ میں سائٹ ایریامیں حملہ کرنی والاگروپ ملوث ہوسکتاہے۔راجہ عمرخطاب نے کہاکہ ملزموں نے 3ہتھیاروں کااستعمال کیا،45 فائرکیے۔