مسجد اقصیٰ پر نئی اسرائیلی پابندیوں کے خلاف کراچی میں مظاہرہ

 
0
1842

کراچی جولائی21(ٹی این ایس) مسلمانوں کے قبلہ اول اور تیسرے حرم ’مسجد اقصیٰ‘ میں قابض اسرائیلی حکومت کی نئی پابندیوں کے خلاف آج جمعہ کے روز کراچی پریس کلب کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے کا انعقاد اہل کراچی نے اپنی دینی غیرت و حمیت کے اظہار کے لیے کیا تھا۔ مظلوم فلسطینی قوم نے ’جمعہ غضب برائے نصرتِ مسجد اقصیٰ‘ کے عنوان سے آج جمعہ کے روز احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا تھا۔ اسی تناظر میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے بھی اپیل کی گئی تھی کہ وہ اسرائیل کی نئی پابندیوں اور نمازیوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات کے خلاف اپنے اپنے شہروں میں صدائے احتجاج بلند کریں۔ فلسطینی قوم کی اس اپیل پر لبیک کہتے ہوئے اہل کراچی نے پریس کلب کے باہر اس احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔ کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے اس مظاہرے میں صحافیوں، سماجی کارکنوں، مذہبی تنظیموں کے کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی قوم پر غاصب اسرائیلی حکومت کے مظالم اور مسجد اقصیٰ پر عائد کردہ نئی صہیونی پابندیاں ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین نے مسجد اقصیٰ اور ارض مقدس سے اپنے دینی رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔ اس دوران انہوں بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر ’لبیک یا اقصیٰ‘ اور ’مسجد اقصیٰ صرف مسلمانوں کی ہے‘ جیسے نعرے درج تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ مسجداقصیٰ کے باہر قابض اسرائیلی فوج پر کیے گئے ایک فدائی حملے میں 2صہیونی اہل کاروں کی ہلاکت اور تینوں فلسطینی فدائین کی شہادت کے بعد اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ کو 2 روز کے لیے بند کردیا تھا۔ بعد ازاں اتوار کے روز جب مسجد میں اذان اور نماز کی اجازت دی گئی، تو اس سے قبل حرم قدسی کے تمام دروازوں پر سیکورٹی کے نام پر اسرائیل نے الیکٹرونک گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور کیمرے نصب کردیے تھے۔ فلسطینی قوم نے ان اقدامات کو سیکورٹی کے نام پر مسجد اقصیٰ پر صہیونی تسلط کی سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے مسجد اقصیٰ کے باہر احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔