طالبان کورونا وائرس پر قابو پانے تک اپنی کارروائیاں روک دیں، امریکہ کی جنگ بندی کی اپیل

 
0
573

واشنگٹن اپریل 27 (ٹی این ایس): امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان گروہ آپس میں لڑنے کے بجائے کورونا وائرس سے لڑیں اور طالبان کورونا وائرس پر قابو پانے تک اپنی کارروائیاں روک دیں۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ ہر افغانی کو اپنی پوری توانائیاں کورونا سے لڑنے کے لیے لگانی چاہیے۔

اس سے قبل ‎افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے ماہ مقدس کے دوران کارروائیاں روک دینے کی اپیل کی تھی جسے طالبان نے یکسر مسترد کر دیا تھا۔

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا مطالبہ نامعقول ہے اس کی کوئی منطق نہیں۔ ‎افغان حکومت نے اب تک 18 صوبوں سے 550 طالبان قیدیوں کو رہا کیا۔

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں کورونا وائرس سے ہزاروں قیدیوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے یمن میں ایک ماہ کے لیے مکمل جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کیا۔

ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ابتدا میں 2 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی گئی تھی، 8 اپریل سے جنگ بندی کا آغاز اقوام متحدہ کی درخواست پر کیا گیا تھا اور اب اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔