ملک بھر میں پٹرول کی قلت پر برہمی کا اظہار، وزیراعظم عمران خان نے اہم فیصلہ سنادیا

 
0
351

اسلام آباد 09 جون 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پٹرول کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو احتساب کے نام پر ووٹ دیا، بنیادی اشیا کی مناسب قیمتوں پر فراہمی ترجیح ہے۔

اس دوران وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ بحران میں ملوث اوگرا سمیت ذمہ داروں سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پر برہمی کا اظہار کیا۔۔

کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا فائدہ ملنے کے بجائے الٹا نقصان ہو گیا۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کی غفلت سے لوگ پیٹرول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے۔

پٹرولیم بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے ملک میں صرف سات دن کا سٹاک رہ گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت سوا دو لاکھ میٹرک ٹین پیٹرول موجود ہے۔ ایک دو روز میں وافر مقدار میں پیٹرول دستیاب ہوگا۔

ندیم بابر۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اوگرا آئل کمپنیوں کے خلاف ایکشن لے رہی ہے، جن آئل کمپنیوں نے سٹاک ختم کیا انکے لائسنس منسوخ کیے جارہے ہیں۔ خیا ل رہے کہ جب سے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے تب سے ملک بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت کر دی گئی ہے۔

ایک دعویٰ یہ بھی ہے کہ پٹرولیم مصونعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے والا ہے جس کی وجہ سے پمپ مالکان کی جانب سے پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے، جیسے ہی پٹرول کی قیمتیں بڑھے گی مالکان یہی سستا پٹرول مہنگے داموں فروخت کر کے دوگنا منافع کمانے کے چکروں میں ہیں۔