سیاستدان کسی چور دروازے یا امپائر کی انگلی سےنہیں آتے، خواجہ آصف

 
0
226

اسلام آباد 20 جولائی 2020 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم سےغلطیاں ہوئی ہیں جن کا خمیازہ ادا کیا اور جلاوطنی بھی گزاری ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیاستدان ہوناگالی نہیں عزت داری اور فخرکی بات ہے سیاستدان جیسا بھی ہو وہ عوام کو جوابدہ ہوتاہے مگر ہماری صفوں میں ایسےلوگ ہوتےہیں جو ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی ایسا ادارہ نہیں جو اپنی اے سی آر عوام سےلیتا ہو صرف سیاستدان ہے، سیاستدان کسی چور دروازے یا امپائر کی انگلی سےنہیں آتے، ہم جیسےبھی پاکستان کےعوام کےنمائندے ہیں۔

حکومت پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو اپنی مرضی سےچلایا جا رہا ہے من مانی کی جارہی ہے، کسی نےآپ کاخرچہ اٹھایا ہوا ہےتو اس کی ادائیگی قوم کے پیسوں سے نہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی سوچ سکتا ہے وزیر اپنے ہی ادارے کو وزیر ہوابازی کی طرح تباہ کرے گا، اداروں کی نجکاری صحیح طریقےسےکریں گےتواچھاہوگا نجکاری معاملے پر شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔