عید الاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے: وزیراعظم کی ہدایت

 
0
490

اسلام آباد 21 جولائی 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی ، عید الاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس جاری ہے ، اجلاس میں کورونا اور ملک کی معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کابینہ کو احساس پروگرام اور ملک میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی ہے۔

اجلاس میں انسداددہشت گردی ایکٹ انیس سو ستانوے اور ایف اےٹی ایف سےمتعلق کمپنیز ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترمیم پرغور کیاگیا جبکہ منی لانڈرنگ کے سد باب کیلئےدوسرےترمیمی بل 2020 کےمسودہ بھی زیر غور آیا۔

اجلاس میں ضابطہ فوجداری 1898 تفتیشی اختیارات میں ترمیم اور انسدادمنشیات ایکٹ کی دفعہ بارہ سی میں ترمیم کا معاملہ پر بھی غور کیا گیا۔

قومی ادارہ صحت کی ازسرنوتشکیل کاایکٹ 2020 کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ قومی صحت ہنگامی ردعمل ایکٹ 2020 اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔

وفاقی کابینہ 16 جولائی کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔