بلوچستان میں امن وامان کو یقینی بنانا اور سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

 
0
218

اسلام آباد 24 جولائی 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کو یقینی بنانا اور سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

قومی ترقیاتی کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لیے وسائل کو یکسر نظرانداز کیا جاتارہا۔ وسائل فراہم نہ ہونےسےصوبے کا بڑاحصہ پس ماندگی کا شکار رہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وسائل نظرانداز ہونے سے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی نےجنم لیا۔ بلوچستان کےعوام کی احساس محرومی کو دورکرنےکیلیےکوشش کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادرکی تعمیروترقی کا منصوبہ گیم چینجرکی حیثیت رکھتاہے۔ بلوچستان میں نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنےاورانفراسٹرکچرکےقیام پرتوجہ دی جائے۔

اجلاس میں بلوچستان کےدوردرازعلاقوں میں آمدورفت کےمختلف منصوبے زیرغورآئے۔ آبی وسائل کے بہتراستعمال، زراعت، توانائی اور بارڈرمارکیٹوں کے قیام پرغور کیا گیا۔ گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے مختلف منصوبے زیرغور آئے۔

اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، حماد اظہراورعلی حیدرزیدی، عمرایوب،مشیرخزانہ،عبدالرزاق داؤد اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ اوردیگراعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے وزیرمنصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان پرمشتمل کمیٹی کے قیام کی ہدایت کردی۔