ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے منگل کے روز تحصیل تلہ گنگ کا تفصیلی دورہ کیا

 
0
582

چکوال 28 جولائی 2020 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے منگل کے روز تحصیل تلہ گنگ کا تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مویشی منڈی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز کے نفاذ و عمل درآمد اور صفائی کے انتظامات کا بطور خاص جائزہ لیا اور موقع پر موجود اسسٹنٹ کمشنر ،میونسپل کمیٹی انتظامیہ،لائیو سٹاک کے افسران،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے کہ متعلقہ دائرہ کار کے انتظامات پر احسن عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں باقاعدگی سے رپورٹ ارسال کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسران کی کارکردگی کو متواتر بنیادوں پر مانیٹر کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی مرحلہ پر تاخیر و التوا کا عنصر پیدا نہ ہونے پائے انہوں نے تفصیلی دورہ کے دوران تلہ گنگ شہر میں وومن اینڈ چلڈرن پارک کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک میں صفائی کے خصوصی انتظامات اور تفریحی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ پارک میں آنے والی خواتین اور بچوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی مستقل بنیادوں پر برقرار رکھی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پرشہر میں ڈرینج لائنوں کی صفائی کا بھی معائنہ کیا اور میونسپل کمیٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ موسم برسات میں شدید بارشوں کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ڈرینج لائنوں میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ آنے پائے۔