لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے تباہی، مکانات کی چھتیں گرنے سے 15 افراد جان سے گئے

 
0
373

لاہور 20 اگست 2020 (ٹی این ایس): لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے پندرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ، متعدد افراد زخمی ہوئے۔

پنجاب میں بارش کے باعث افسوس ناک حادثات پیش آئے ،پھالیہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ہستا بستا خاندان لقمہ اجل بن گیا۔ ملبے تلے دب کر ماں اور چار بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔جاں بحق بچوں کی عمریں دو سے آٹھ سال کے درمیان ہیں۔ ریسکیو اور پولیس نے لاشوں کو ملبے سے نکالا۔

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں گھر کی چھت گرنے سے چار افرادجاں بحق،گیارہ زخمی ہوئے۔ریسکیو اور علاقہ مکینوں نے ملبے تلے دب جانے والے افراد کو نکالا۔

چکوال کے علاقے قصبہ بھال میں مٹی کا تودا گرنے سے آٹھ افراد دب گئے ، دم گھٹنے سے تین افراد چل بسے، پانچ افراد شدید ززخمی ہو گئے ، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو رورل ہیلتھ بوچھال منتقل کر دیا ہے۔

شیخوپورہ کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے کا افسو س ناک واقعہ پیش آیا، جس نے ماں اور بچے کی جان لے لی، سات افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو ٹیموں نے متیوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

کراچی کے شاہ لطیف ٹاون سیکٹر بی میں گھر کی چھت سے گر کر ایک شخص چل بسا ، ریسکیو کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت محمد سرور کے نام سے ہوئی۔