سینئر پولیس افسران دو گھنٹے تک رات میں گشت کو یقینی بنائیں، لاہور ہائیکورٹ

 
0
33433

لاہور 17 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد قاسم خان نے انسپیکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کو حکم دیا کہ وہ صوبے کے ہر ضلع میں سینئر پولیس افسران کے دو گھنٹے تک رات میں گشت کو یقینی بنائیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈووکیٹ ندیم سرور کی موٹروے اجتماعی زیادتی کی جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواست کی سماعت کررہے تھے۔

قبل ازیں ڈی آئی جی (قانونی) جواد ڈوگر نے پولیس گشت کے موجودہ نظام کے بارے میں عدالت میں رپورٹ پیش کی۔

چیف جسٹس قاسم خان نے ہدایت کی کہ ایک سینئر افسر کی براہ راست نگرانی میں تمام اضلاع میں یومیہ رات 11 بجے سے ایک بجے تک گشت ہونا چاہیے۔

جج نے اگلی سماعت پر پیٹرولنگ میکانزم سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

ادھر سی سی پی او عمر شیخ نے چیف جسٹس قاسم خان سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور انہیں اجتماعی زیادتی کے معاملے کی تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا تاہم واپسی پر سی سی پی او نے میڈیا کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔