سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کی درگاہ حالیہ بارشوں کے باعث شدید متاثر

 
0
1728

پنگریوجولائی22(ٹی این ایس)پنگریو کے قریب واقع سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کی درگاہ حالیہ بارشوں کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے بارشوں کے باعث درگاہ کا مسافر خانہ مسمار ہو گیا ہے اور درگاہ کے احاطے میں بارش کے پانی.کیچڑ اور گندگی کے باعث روزانہ سندھ کے دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر زائرین نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ محکمہ اوقاف سندھ کے منیجر نے کہا ہے کہ درگاہ سید سمن سرکار متعدد مسائل کا شکار ہے تاہم وسائل نہ ہونے کے باعث مسائل کے حل میں مشکلات درپیش آرہی ہیں اس ضمن میں پنگریو کے قریب واقع سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کی درگاہ حالیہ بارشوں کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں سے روزانہ درگاہ پر آنے والے زائرین کی بڑی تعداد کو زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بارشوں کے باعث درگاہ کا مسافر خانہ گر گیا ہے اور درگاہ کے وسیع احاطے میں کیچڑ.گندگی.برساتی پانی جمع ہو نے کے باعث مین گیٹ سے درگاہ کے اندر پہنچنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے درگاہ کی مسجد کی چھت بوسیدہ ہو جانے کے باعث برساتی پانی مسجد میں جمع ہو جاتا ہے جبکہ مسجد کے وضو کی ٹینکی لیک ہونے کے باعث مسجد میں وضو کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ہے درگاہ کے احاطے میں روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث چوریوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے درگاہ پر آنے والے زائرین کے لیے پینے کے پانی کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے پینے کے پانی کے لیے بنائے جانے والے تالاب خشک پڑے ہیں اور واش روم بھی بوسیدہ ہو جانے کے باعث استعمال کے قابل نہیں رہے اس حوالے سے درگاہ پر آنے والے زائرین نے پنگریو کے صحافیوں کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث درگاہ بہت متاثر ہوئی ہے مگر محکمہ اوقاف کی جانب سے درگاہ کے مسائل کے حل کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ان زائرین نے کہا کہ مسافر خانہ گرنے.پینے اور وضو کے پانی کی عدم دستیابی.روشنی کا مناسب بندوبست نہ ہونے اور واش روم بوسیدہ ہو جانے کے باعث دور دراز سے آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے زائرین اور درگاہ سید سمن سرکار پر تعینات اوقاف ملازمین نے جمع کے روز درگاہ سید سمن سرکار کا دورہ کرنے والے محکمہ اوقاف سندھ کے ایڈ منسٹریٹر محمد اسلم پٹھان کے سامنے مسائل اور شکایات کے انبار لگا دیے اس موقع پر ایڈ منسٹریٹر اوقاف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں درگاہ سید سمن سرکار پر پہنچ کر اس درگاہ کو درپیش مسائل اور زائرین کے علاوہ اوقاف ملازمین کو درپیش مشکلات کا بہت احساس ہوا ہے انہوں نے کہا کہ درگاہ سید سمن سرکار پر ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی کام کرانے کی ضرورت ہے مگر محکمہ اوقاف کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ سید سمن سرکار اور دیگر درگاہوں کے اہم مسائل حل کر سکے تاہم وہ اس ضمن میں محکمہ اوقاف کے حکام کو رپورٹ پیش کریں گے اور درگاہ سید سمن سرکار کے فوری حل طلب مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے ایڈمنسٹریٹر اوقاف سندھ نے درگاہ کے مسمار ہونے والے مسافر خانے.خشک پڑے تالابوں اور مسجد کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر درگاہ سید سمن سرکار کے منیجر نواز پٹھان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔