نیب کا شہباز شریف پر تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام

 
0
269

اسلام آباد 21 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف پر تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام لگا دیا۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف سے تحقیقات سے متعلق رپورٹ منظرعام پر آ گئی۔ جس میں نیب کی جانب سے شہباز شریف پر تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام لگایا گیا ہے۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف سے بیرون ملک خریدی گئیں 4 جائیدادوں سے متعلق سوالات کیے گئے لیکن شہباز شریف نے جواب نہیں دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے 2005 سے 2020 تک ادا کی گئی ماہانہ اقساط سے متعلق بھی نیب کو کوئی جواب نہیں دیا جبکہ شہباز شریف کے مطابق کاروباری معاملات کو دیکھنے والا ملازم 2017 میں وفات پا چکا ہے۔

نیب نے یہ بھی کہا ہے کہ شہباز شریف سے فیملی ممبران کے اکاؤنٹس میں آنے والی رقم کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو اس کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔ شہباز شریف سے بیرون ملک خریدی گئی جائیداد سے متعلق پوچھ گچھ کرنا باقی ہے۔