آئی سی سی آئی کو اعتماد میں لے کر اسلام آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کریں گے۔ عامر علی احمد

 
0
376

 انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے کم از کم دو ہزار ایکٹر رقبہ فراہم کیا جائے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد 29 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے ممبر پلاننگ ڈاکٹر شاہد محمود اور آئی سی ٹی کی ڈائریکٹر جنرل سیدہ شفق ہاشمی کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو تاجروصنعتکار برادری کے اہم مسائل کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی اور ان کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے وقتی صدر کو سی ڈی اے بورڈ کا ممبر بنایا جائے تاکہ سی ڈی اے کی پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبہ اپنا کردار موثر ادا کر سکے اور بزنس کمیونٹی کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے تعاون سے سی ڈی اے اسلام آباد میں ایک کم از کم دو ہزار ایکٹر رقبے پر ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کی کوشش کرے جبکہ چیمبر کے ممبران اس کی فنڈنگ میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کو چاہئے کہ وہ ملحقہ صنعتی پلاٹوں کو دو یا زیادہ پلاٹوں میں تقسیم کرنے کی اجازت دے اور صنعتی پلاٹوں سے ملحقہ اضافی اراضی آخری ایکشن ریٹ پر صنعتکاروں کو فروخت کرے۔ انہوں نے کہا کہ  سی ڈی اے صنعتی علاقے میں ڈسپنسری اور مسجد کیلئے بلا معاوضہ پلاٹ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو موخر کرے، اس کے ریٹ میں کمی کرے اور قسطوں میں اس کی ادائیگی کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکار برادری کو سی ڈی اے سے کمپلیشن سرٹیفکیٹ اور نقشوں کی منظوری کے حصول میں بہت تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا سی ڈی اے اس عمل کو آسان اور تیز بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے چیمبر کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک ایکسپو سینٹر تعمیر کر نے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کیلئے پلاٹ الاٹ کرے یا پارکنگ تعمیر کر کے بی او ٹی کی بنیاد پر اس کو دے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر اسلام آباد میں ایک شاپنگ فیسٹیول اور ونٹر فیسٹیول منعقد کرنا چاہتا ہے لہذا سی ڈی اے ان کو کامیاب بنانے میں تعاون کرے۔ 

اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد نے کہا کہ آئی سی سی آئی کی مشاورت سے سی ڈی اے راوت سہالہ بیلٹ پر بننے والی رنگ روڈ کے ساتھ اسلام آباد کیلئے ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ایک موبائل ایپ تیار کر رہی ہے جس پر شکایت درج ہونے کی صورت میں 72 گھنٹوں کے اندر شکایت کا ازالہ کیا جائے گا جس سے بزنس کمیونٹی اور شہریوں کے مسائل بہتر حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آئی سی سی آئی کوسی ڈی اے بورڈ کے اجلاسوں میں مدعو کیا جائے گا تاکہ نجی شعبے کی آواز کو سی ڈی اے کی فیصلہ سازی میں بہتر نمائندگی ملے جبکہ چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ کا ممبر بنانے کی سفارش حکومت کو بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اب ترقیاتی کاموں کے لئے اپنے بجٹ کا 60 فیصد مختص کیا ہے اور سڑکوں کی کارپٹنگ، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور اسٹریٹ لائٹ کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کام جلد شروع کئے جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کل چالیس ہزار اسٹریٹ لائٹس میں سے سی ڈی اے نے 10 فیصد اسٹریٹ لائٹ کو ٹھیک کر دیا ہے جبکہ 90 فیصد کو دو ماہ سے بھی کم عرصے میں فعال بنایا جائے گا۔ 

عامر علی احمد نے کہا کہ سی ڈی اے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے تعمیر کرے گی جس کے لئے جلد ہی ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 235 پارکوں کو 3 ماہ میں دوبارہ بحال کیا جائے گا، ترک شدہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو فعال بنایا جائے گا اور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ایک اور ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کی مرمت و کارپٹنگ کا کام دسمبر میں شروع کیا جائے گا جبکہ راوت تک اسلام آباد ایکسپریس وے کو سگنل فری بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے متوازن انداز میں ہائی رائز بلڈنگوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے آر کے چارجز کو آدھا کردیا گیا ہے اور ان کو مزید کم کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ فیسٹیول اور ونٹر فیسٹیول منعقد کرنے میں سی ڈی اے چیمبر کے ساتھ تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے کی پلاننگ ٹیم کو آئی سی سی آئی بھیجیں گے تاکہ کاروباری برادری کی سہولت کیلئے کمرشل اور انڈسٹریل بلڈنگوں کی منصوبہ بندی اور منظوری کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کر کے اس کو بہتر بنایا جائے۔ 

محترمہ فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر اور عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے چیئرمین سی ڈی اے کا آئی سی سی آئی آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی ڈی اے بازاروں کی خوبصورتی، سیوریج لائن اور اسٹریٹ لائٹ کے معاملات پر توجہ مرکوز کرے، مارکیٹوں میں عوامی بیت الخلا تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ فلٹریشن پلانٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائے تا کہ لوگوں کا پینے کا صاف پانی میسر آئے۔ 

میاں اکرم فرید چیئرمین فاؤنڈر گروپ، عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، چوہدری وحید الدین، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، باصر داؤد، زاہد مقبول اور خالد چوہدری سمیت مختلف مارکیٹوں کے صدور اور تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔