اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا بند کیا جائے: وزیراعظم

 
0
160

اسلام آباد 04 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام اور دہشت گردی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، پوری دنیا کو اسلامو فوبیا کے خلاف مقابلے میں شامل ہونا ہوگا۔

ترک صدر کی زیرصدارت اقتصادی تعاون تنظیم کے14ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی ہے۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے پوری دنیا کو واضح پیغام دیا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا بند کیا جائے، کیونکہ اسلام اور دہشت گردی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو اسلامو فوبیا کے خلاف مقابلے میں شامل ہونا ہوگا، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہے، اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے پاکستان اور ترکی مل کر کام کررہے ہیں۔

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کیلئےعالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے، امیر ممالک نے کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیا، کورونا کے ساتھ لوگوں کو غربت سے بچانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی بھی ضروری ہے، یہ کام کہنے میں آسان مگر کرنے میں اتنا آسان نہیں ہے، کورونا ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی آسان بنائی جائے۔

کورونا وائرس کے سد باب کیلئے پاکستان میں کیے گئے اقدامات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ہماری حکومت نے غیرمعمولی اقدامات کئے ہماری حکومت نے حساس پروگرام کے تحت لوگوں کو نقد رقوم فراہم کیں، ہم نے عوام کو وبا سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ انہیں بھوک سے بھی بچایا۔