سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ، تیل کی قیمت میں بھاری اضافہ ہو گیا

 
0
252

سعودی عرب 08 مارچ 2021 (ٹی این ایس): عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی قیمت میں بھاری اضافہ دیکھا جارہا ہے اور برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں اس کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی ہے جو کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مئی کے سودوں میں قیمت 71.38 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے جو 8 جنوری 2020 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 2 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں اپریل کے لیے 1.60 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 67.98 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے جو اکتوبر 2018 کے بعد سب سے زیادہ قیمت ہے۔
خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے اتوار کے روز دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ٹرمینل سعودی آرمکو سمیت دیگر آئل تنصیبات کو ڈرون اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جسے فوری طور پر ناکام بنادیا گیا۔

سعودی عرب کی جن تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا وہ 6.5 ملین بیرل تیل کی ایکسپورٹ کی صلاحیت رکھتی ہیں جو تیل کی طلب کا 7 فیصد ہے۔