مریم نواز کوایک بار پھر نیب کا بلاوا آگیا

 
0
234

اسلام آباد 17 مارچ 2021 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو(نیب) نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو 26 مارچ بروز جمعہ نیب لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مریم نواز اس سے قبل 11 اگست 2020 کو نیب لاہور میں پیش ہوئی تھیں۔

اطلاعات ہیں کہ مریم نواز کے حوالے سے نیب لاہور کو نئے شواہد موصول ہوئے ہیں۔ نئے شواہد کی روشنی میں مریم نواز سے تحقیقات کرنی ہیں۔

نیب نے مذکورہ کیس میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے بھی لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری کا مؤقف ہے کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ الزامات میں ضمانت پر رہا ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہی ہیں۔

نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ مریم نواز نے نیب نوٹس کے باوجود ریکارڈ فراہم نہیں کیا، لہذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ نیب نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مریم نواز ضمانت پر رہائی کے بعد مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف بیانات دے رہی ہیں۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے مریم نواز اور یوسف عباس کو چوپدری شوگر ملز کیس میں 8 اگست 2019 کو گرفتار کیا تھا۔ ن لیگی رہنما نےنومبر2019 میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کی تھی۔