پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز ہو گیا،ترجمان پی آئی اے

 
0
314

کراچی جولائی24(ٹی این ایس )پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آج پیر سے آغاز ہو گیا ہے جس کے ذریعے تقریباً60 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا اور یہ 26 اگست تک جاری رہے گا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے مدینہ کے لئے پہلی خصوصی حج پروازPK-2009 پیر کی رات کو روانہ ہوگی۔ عازمین حج کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات اور ایئر لائن کے سینئر افسران رخصت کریں گے۔پیر کی صبح اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز PK-2003 مدینہ کے لئے روانہ ہوئی ۔ پی آئی اے کے سینئر افسران نے عازمین حج کو اسلام آباد سے الوداع کیا۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 60 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے قومی ائر لائن جدہ اور مدینہ کے لئے 137 پروازیں چلا رہی ہے جن میں 103 خصوصی حج پروازیں جبکہ 34 شیڈول پروازیں بھی شامل ہیں۔پی آئی اے اسلام آباد سے23 پروازوں کے ذریعے6 ہزار96 ، کراچی سے 33 پروازوں کے ذریعے7 7 ہزار613(اس میں کوئٹہ کے عازمین بھی شامل ہوں گے)، لاہور سے25 پروازوں کے ذریعے 6 ہزار966 ، ملتان سے20 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار888 ، پشاور سے 22 پروازوں کے ذریعے6 ہزار898 ، سیالکوٹ سے 14 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار615 ، سکھر سے 9 پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 440 اور رحیم یار خان سے 6 پروازوں کے ذریعے 960 عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ ان پروازوں کے علاوہ پی آئی اے اپنی شیڈول پروازوں کے علاوہ تقریباً20 ہزار پرائیویٹ سکیم کے حجاج کو بھی سعودی عرب پہنچائے گی۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 6 ستمبر سے شروع ہو کر 5 اکتوبرتک جاری رہے گا۔