سوتیلے والد کے تشدد کا نشانہ بننے والامعصوم محمد طیب پاکستان سویٹ ہوم کاحصہ بن گیا

 
0
388

راولپنڈی 22 اپریل 2021 (ٹی این ایس): سوتیلے والد کے تشدد کا نشانہ بننے والامعصوم محمد طیب پاکستان سویٹ ہوم کاحصہ بن گیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ( ر) انوار الحق اور سی پی او راولپنڈی کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بنی نے بچے کو زمرد خان کے حوالے کیا۔گزشتہ روز اصغر مال کے علاقہ میں تشد د کا شکار ہونے والے بچے طیب کی والدہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ بچیاں اور بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اگر ان بچوں پر تشدد ہو گا تو پاکستان ذہنی طورپر مفلوج ہو جائے گا۔ معاشرے میں جہاں بھی طیب جیسے بچوں کو تشد د کا نشانہ بنایا جائے تو پاکستان سویٹ ہوم ان بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ پاکستان سویٹ ہوم صرف یتیم بچوں کا ادارہ نہیں ہے یہاں طیب جیسے معصوم بچوں کو بھی مکمل سیکورٹی کے ساتھ بہترین ماحول میں پرورش کی جاتی ہے۔زمرد خان کا کہنا تھا کہ میں طیب کی والدہ سے وعدہ کرتا ہوں جیسے اس نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے ایسے ہی اس کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر کے آرمی آفیسر بنائیں گے ۔ میں سی اپی اوراولپنڈی، ایس ایچ او بنی اور محمد طیب کی والدہ کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اور پاکستان سویٹ ہوم پر اعتماد کرتے ہوئے محمد طیب کی پرورش ہمارے سپرد کی ۔ میں تمام لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان سویٹ ہوم محمد طیب کی بہترین پرورش کر کے اسے معاشرے کا اہم فرد بنانے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم بچوں اور بچیوں کی کفالت کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ میں طیب کی والدہ کو یقین دلاتا ہوں ک ان کا بچہ پاکستان سویٹ ہوم میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت بھی حاصل کرے گا اور معاشرے میں اہم مقام حاصل کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ میں طیب کی والدہ کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمارے کہنے پر بچہ پاکستان سویٹ ہوم کو دیا ہے ۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان مبارکباد کے مستحق ہیں جو ان بچوں کی پرورش کر رہے ہیں ۔ بعدا زاں طیب اپنی والدہ اور نانی کے ہمراہ پاکستان سویٹ ہوم لایا گیا جہاں طیب نے تمام بچوں کے ہمراہ افطاری کی ۔