ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی ہفتہ وار بریفنگ

 
0
337

اسلام آباد 20 مئی 2021 (ٹی این ایس): ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف ہونے والے جرائم کا زمہ دار ٹھہرائے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ حل طلب مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے دانستہ اور منظم حملوں ، مسلمانوں کے مقدس مقامات بالخصوص مسجد اقصی کےحرمت کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی بستیوں میں توسیع ، فلسطینیوں کی بے دخلی اور ان کے مکانات مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ صحافیوں اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر بھی تنقید کی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کی جانب سے بے گناہ فلسطینوں کیخلاف طاقت کے بے جا استعمال، فضائی بمباری اور شہری انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی بھی پر زور مذمت کرتا ہے۔پاکستان کی فلسطین پالیسی کے بارے میں ،ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے جائز جدوجہد کی حمایت کرنے والے ممالک میں سر فہرست رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی سطح پر فلسطین سے متعلق ہر قرارداد کی سرپرستی یا حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2012 میں فلسطین کو اقوام متحدہ کی غیر ممبر مبصر ریاست بنانے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پیش کی تھی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ بنیادی تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہےلیکن یہ مذاکرات با معنی اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے بھارت کے ریاست اترپردیش میں 100 سالہ قدیم غریب نواز مسجد کو منہدم کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ قابل مذمت فعل بنیاد پرست ہندو ہجوم کے ہاتھوں 1992 میں ایودھیا میں صدیوں پرانی بابری مسجد کے انہدام کی جیسا ہے۔پاکستان نے ایک بار پھر بھارتی حکومت سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی معاہدے اور دیگر بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ترجمان نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی ورثے کے مقامات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور ہندوستان میں اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ بھارت کی حراست میں انتقال کرنے والے اشرف صحرائی کے انتقال پر شدید صدمہ پہنچا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین ، اشرف صحرائی شہیدکو گذشتہ سال کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔