شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کے خواہاں ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کی ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی گفتگو

 
0
153

اسلام آباد 20 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ انتخابات میں شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کے خواہاں ہیں، حکومت نے اس معاملہ پر اپوزیشن کو بھی اپنی رائے دینے کی دعوت دی ہے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1970 سے اب تک انتخابات میں ہارنے والے دھاندلی کا شور مچاتے ہیں، ماضی میں انتخابی نظام پر اعتماد پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، 2013 میں پاکستان تحریک انصا ف نے اس معاملہ کو اٹھایا اور چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا، چار حلقے کھولنے کے بعد دھاندلی ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں انتخابی اصلاحات کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی۔

عام انتخابات ہوں ، سینٹ انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات ہوں تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگاتی ہیں۔ حالیہ سینٹ انتخابات اور ضمنی انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگائے۔انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات میں شفافیت لانا چاہتے ہیں اس حوالہ سے آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد کرانے کے خواہاں ہیں، انتخابی نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگوٹھے کے نشان کے ذریعے ووٹ ڈالے جا سکیں گے اور آدھے گھنٹے میں نتیجہ بھی آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر مشاورت کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے۔