صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین نیب کی ملاقات، ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی

 
0
93

اسلام آباد 28 مئی 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سال 2020ء میں 323 ارب روپے کی ریکوری پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے ، شفاف گورننس اور احتساب کے فروغ کے لئے مزید موثر اقدامات کیے جائیں، بدعنوانی سے پاک پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لئے احتساب سب کیلئے یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے صدر مملکت کو نیب رپورٹ برائے سال 2020 پیش کی۔ انہوں نے نیب کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیب کوسال 2020ء میں 24،706 شکایات موصول ہوئیں، اس دوران گزشتہ سال کی شکایات سمیت مجموعی طور پر 30،405 شکایات نمٹا ئی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے 878 شکایات کی توثیق پر کارروائی کی جبکہ 369 انکوائریز اور 175 انویسٹی گیشنز کی گئیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال احتساب عدالتوں میں 136 ریفرنسز دائر کیے گئے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ سال 2020 کے دوران استغاثہ کی کامیابی کا مجموعی تناسب 66 فیصد رہا۔ صدر مملکت نے سال 2020ء میں 323 ارب روپے کی ریکوری کرنے پر نیب کی تعریف کی۔ انہوں نے نے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے پر نیب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کی لعنت پر قابو پانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، معاشرے کےتمام طبقات ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لئے احتساب سب کیلئے یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ نیب آرڈیننس 1999 کے تحت نیب اپنی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ صدر مملکت کو پیش کرتا ہے۔