اسلام آباد ،دسمبر22(ٹی این ایس): پسند کی شادی کرنیوالی فلپائنی لڑکی مریم نے شہریت لینے اور ڈی پورٹ نہ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنیوالی فلپائنی لڑکی مریم نے پاکستانی شہریت لینے اور ڈی پورٹ نہ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی ہے ۔ جمعہ کو کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلپائنی لڑکی مریم 5 اپریل 2016 کو پاکستان ایک سال کے ورک ویزہ کیساتھ پاکستان آئی تو اس کی ملاقات کرم ایجنسی کے رہائشی عمران سے پشاور میں ہوئی، مریم نے 22جون2017 کو اسلام قبول کیا اور منڈی بہاؤالدین کی یونین کونسل نمبر14میں نکاح کر لیا۔ مریم نے ورک ویزہ ختم ہونے پر وزارت داخلہ میں ویڈ لاک پالیسی کے تحت شہریت حاصل کرنے کی درخواست دی ہے ۔سماعت کے موقع پر مریم بی بی بھی اپنے شوہر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔مریم بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے اور نادرا کو فریق بنایا گیا ہے ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست مزید سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 12جنوری تک ملتوی کردی۔