لاہور جولائی 26(ٹی این ایس ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ترجیحی بنیادوں پر بجلی کے ترسیلی نظام کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لیئے کام جاری ہے اور اس ضمن میں نئے گرڈوں کی تعمیر ، زیادہ استعداد کار کے حاصل پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب اور نئے فیڈروں کے آغاز جیسے کام چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجدعلی کاظمی کی خصوصی ہدایات پر فی الفور سر انجام دئیے جا رہے ہیں ۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹوسید واجدعلی کاظمی کی سربراہی میں ریجن بھر سے ایسے تمام گرڈوں کو جن کی استعداد کار 66Kvہے سے بڑھا کر 132Kvپراپ گریڈ کیا جارہا ہے۔حال ہی 66Kvکنگن پور گرڈ کی اپ گریڈیشن کے بعد 66Kvموہلن گرڈ کوبھی 132Kvپر کنورٹ کیا گیا ہے ۔اس کنورشن سے قبل اس گرڈ سے ملحقہ علاقے نہ صرف کئی عرصے سے ناقص سسٹم اور وولٹیج کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے تھے بلکہ صارفین کو وولٹیج ڈراپ ہونے کی صورت میں گھریلو سامان کے نقصان کا بھی مسئلہ درپیش تھا۔جس کے لیئے چیف ایگزیکٹولیسکو نے خصوصی طور پر موہلن گرڈ کی 132Kvپر کنورشن کے کام کا بذات خود جائزہ لیا تاکہ صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ۔موہلن گرڈ کے چاروں فیڈر بھی 132Kvپر شفٹ کر دئیے گئے ہیں جس کے باعث پرانے اورخستہ حال سسٹم کو بہتر کرنے میں نہ صرف مدد ملی ہے بلکہ سسٹم میں موجود متواتر بریک ڈاؤن جیسی رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں ۔موہلن گرڈ سے جو چار فیڈر 132Kvپر شفٹ کیئے گئے ہیں ان کی تفصیلات کچھ یوں ہے کہ 11Kvٹیوب ویل فیڈر کے شفٹ ہونے سے بگا چک ، چندر کوٹ ، محمود پورہ ، بہاول کوٹ ، بدو کوٹ کے علاقوں کو ریلیف حاصل ہو گا ۔جبکہ 11Kvآر ٹی ڈبلیو فیڈر کے باعث ٹھٹہ نولن ، چک وٹواں ، سپر گیس ، ینگ سن آباد ، مارٹن پور اور ریساں والا کے علاقے مستفید ہوں گے ۔اسی طرح11Kvآدم پور فیڈر کے باعث واڑہ گبیاں ، عمر کوٹ ، بی بی جان ، بھاگڑ ، وکیل والا ، دولت پور اور حسین آباد کے علاقوں جبکہ 11Kvمناوالہ فیڈر کے باعث اٹاں والی چک نمبر 3-، چک نمبر4,5,6,7,8-جی بی ، کوٹ ور ، کیڑاں اور واڑہ بہلولیاں کے علاقوں کو فائدہ حاصل ہو سکے گا ۔چیف ایگزیکٹوسید واجدعلی کاظمی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نئے مالی سال2017-18کو ہم نے حفاظت کے وعدے کے نعرے کے ساتھ شروع کیا ہے اور ہم ہر صورت میں لائن سٹاف ، صارفین اور سسٹم کی حفاظت کریں گے ۔