ریاستی اور گروہی دہشت گردی کے خلاف تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی‘طاہر محمود اشرفی

 
0
579

لاہور جولائی 26(ٹی این ایس ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چےئرمین حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہاکہ ریاستی اور گروہی دہشت گردی کے خلاف تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی ،بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے انسانیت کے مجرم ہیں، کل ملک بھر کی مساجد میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی مذمت کی جائے گی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے دعائیں کی جائیں گی، بیت اللہ ، مسجد نبوی ؐ اور الاقصیٰ کے دشمن ہی پاکستان کے دشمن ہیں ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے ، تمام مکاتب فکر دہشت گرد ی اور انتہاء پسندی کے خلاف افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعیت علماء اہلحدیث اور پاکستان علماء کونسل فیصل آباد کے زیر اہتمام ہونے والی تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر الحسن ، مولانا غلام اللہ خان ، مفتی محمد ضیاء مدنی ، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی ، مولانا حنیف بھٹی ، طاہر گجر ، میاں محمد ارشاد ، مولانا حمزہ طاہر ، پاسٹر یعقوب خان ، پاسٹر بشیر خورشید ، مولانا حبیب الرحمن عابد ، مولانا عمر گجر ، مولانا طیب گورمانی، پیر حافظ نزاکت اللہ ، مفتی محمد عمران معاویہ ، حافظ زکریا قصوری ، ڈاکٹر عبد الرزاق ظہیر، محمد وقاص شیرازی، مولانا محمد فاروق ، مولانا سید فضل عباس کاظمی ، مولانا ساجد گجر، مولانا محمد احمد مکی، مولانا مظفر ، مولانا محمد اشفاق پتافی، قاری سلیم الرحمن اور دیگر نے کہا کہ اسلامی ممالک کے امن کو تباہ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ، سانحہ پارا چنار کے بعد فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے میں ناکامی پر لاہور میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے ، دہشت گرد اسلام اور مسلمانوں کا نام استعمال کر کے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی قائدین کو امریکہ اور افغانستان کی طرف سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کا مؤثر انداز میں جواب دینا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے فلسطین میں ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کر کے مجرمانہ کردار ادا کیا ہے ، فلسطین کے مسئلہ پر پاکستان کا موقف اصولی ہے جسے کسی صورت تبدیل نہیں کیا جا سکتا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدرحافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ الاقصیٰ کی آزادی اور ارض الحرمین الشریفین کی سلامتی اور دفاع کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ امت کی وحدت کا مرکز بیت اللہ ، مسجد نبوی ؐ اور الاقصیٰ ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت اسلامی ممالک میں داخلی انتشار پیدا کیا جا رہا ہے ، پانامہ لیکس کا فیصلہ جلد سپریم کورٹ کو کرنا چاہیے اور احتسابی عمل کو جاری رہنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے 31 اگست تک ملک بھرمیں استحکام پاکستان کے ماہ کے طور پر منایا جائے گا ، کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے الاقصیٰ میں نماز پر پابندی کی مذم کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر مسجد اقصیٰ کی انتظامیہ کے مطابق انتظامی امور طے کیے جائیں، ایک قرار داد میں افغانستان اور امریکی حکومت کے ذمہ داران کے پاکستان کے خلاف بیان بازی کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت افغان اور امریکی حکومت کے اس رویہ پر امریکی اور افغانی سفراء کی وزارت خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے ، کانفرنس میں ا یک اور قرار داد کے ذریعے بعض دہشت گرد عناصر کی طرف سے مذہبی قائدین کو نشانہ بنانے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ مذہبی قائدین کیلئے مکمل حفاظتی انتظامات کا اہتمام کیا جائے ۔