وفاقی حکومت کیسز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے، شہباز شریف کا الزام

 
0
410

اسلام آباد 16 اگست 2021 (ٹی این ایس): اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کیسز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہائیکورٹ کو حکومت کی جانب سے خط لکھنا غیر آئینی کام ہے۔عدالت پر پیشی کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نہیں جانتی کہ عدلیہ کا الگ کردار ہے۔ وفاقی حکومت کی جرات کہ چیف جسٹس سے پوچھے کہ آپ ٹرانسفر کرنے کے مجاز ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کی انتہاہے۔ ایک ہی نوعیت کے 2کیسز الگ الگ عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ سیکیورٹی کے نام پر رہنماؤں اور کارکنان سے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔

لاہور کی عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف مبینہ مالیاتی اسکینڈل میں درخواست ضمانت کی سماعت وکیل کے پیش نہ ہونے پر 4ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

بینکنگ جرائم کورٹ میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پیش ہوئے۔ عدالت کے باہر موجود پولیس نے لیگی رہنماؤں کےساتھ وکلاء کو اندر جانے سے روک دیا۔

اس موقع پر وکلا نے احتجاج کیا۔ نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی عدالت کے باہر موجود تھیں۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کے جونئیروکلا کی التوا کی درخواست پر آج کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں4 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔

احتساب عدالت لاہور میں بھی منی لانڈرنگ ،رمضان شوگر مل اور آشیانہ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف،حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت لاہور نے کیسز کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔