سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات، تعداد ساڑھے 53 ہزار سے بھی بڑھ گئی

 
0
200

اسلام آباد 04 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ساڑھے 53 ہزار سے تجاوزکرگئی ،16 سے 31 اگست تک 825 نئے مقدمات کا اندراج اور 255 مقدمات نمٹائے گئے۔

سپریم کورٹ نے 31 اگست تک زیرالتوامقدمات کی 15روزہ رپورٹ جاری کردی ہے ، جس میں بتایا ہے کہ عدالت عظمی میں زیر التوامقدمات کی تعداد 53 ہزار 6 سو 86 تک پہنچ گئی ہے۔

سپریم کورٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 اگست تک تعداد 53 ہزار 118 تھی، 16 سے 31 اگست تک 825 نئے مقدمات کا اندراج اور 255 مقدمات نمٹائے گئے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں6 ستمبر کے عدالتی ہفتے میں سماعت کے لیے 3بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے ، بینچ نمبرایک میں چیف جسٹس گلزاراحمد،جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس محمدعلی مظہر اور بینچ نمبر2میں جسٹس عمرعطا بندیال،جسٹس مظہر عالم ،جسٹس مظاہرعلی نقوی شامل ہین۔

عدالتی ہفتے میں بینچ نمبر3میں جسٹس سجاد علی شاہ،جسٹس قاضی امین احمد کراچی رجسٹری میں سماعت کریں گے ، چیف جسٹس گلزار احمد بیرون ملک واپسی پر 8 ستمبر سے بینچ کی سر براہی کریں گے۔