عالمی برادری افغان عوام کی خوشحالی کے لیے مزید کردار ادا کرے: وزیراعظم عمران خان

 
0
105

اسلام آباد 04 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

وزیرا عظم عمران خان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان افغانستان کی صورتحال میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں انسانی صورتحال پر خصوصی طور پر بات کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں امن، استحکام اور سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تنازع ختم ہونے سے ہی افغان عوام کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی حاصل ہو گی۔ افغانستان میں 40 سال سے جاری تنازعے کو ختم کرنے کا موقع ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ عالمی برادری افغان عوام کی خوشحالی کے لیے مزید کردار ادا کرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ افغانوں کا انخلا بھی رکے گا جبکہ ایسے اقدامات سے افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کو بھی روکا جاسکتا ہے۔