اسلام آباد پولیس کمیونٹی پولیسنگ کی طرف گامزن، ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد

 
0
107

اسلام آباد 08 نومبر 2021 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی خصوصی ہدایت پرگزشتہ روز ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے جی تیرہ اور جی چودہ کے معززین اور تاجروں سے جی تیرہ پولیس چوکی پر ملاقات کی،
ملاقات کے دوران شرکاء نے امن و مان سیکٹر جی تیرہ اور سیکٹر جی چودہ کے مسائل اور سیکیورٹی اور پولیس کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سب کے شکر گزار ہیں، جب تک کمیونٹی کا ساتھ نہ ہو پولیس اکیلے کامیاب نہیں ہو سکتی، جو کام آپ اپنی کمیونٹی کے لئے کررہے ہیں یہ کام اجر عظیم ہے، آپ اپنی پولیس کو ہمیشہ اپنے ساتھ پائیں گے، ہمیں آپ کی خدمت اور حفاظت کے لئے چنا گیا ہے اور ہم ہر وقت آپ لوگوں کی خدمت کے لیے حاضر ہیں ،کرایہ داروں کی رجسٹریشن بہت ضروری ہے اس سلسلہ میں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے، اس چوکی کے قیام سے علاقے میں وارداتوں پر کنٹرول ہوا ہے، تھانہ گولڑہ کی مصالحتی کمیٹی بڑے احسن طریقے سے کام کررہی ہے، آپ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آفس سے بھی رابطے میں رہیں اور اپنی تجاویز دیں تاکہ ہم سب مل کر کرائم کے سدباب کرسکیں،
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس کے موثر اقدامات کی وجہ جرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے کسی بھی شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے شہریوں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے آپ کی پیش کردہ تجاویز پولیس فورس کی کارکردگی کو مزید بہتربنانے میں مفید ثابت ہوں گی،
مثبت پولیسنگ کے لئےمستقبل میں ایسی ملاقاتیں جاری رہنی چاہییں،معزز شہری ہمارے لئے بہت اہم ہیں ان کی جان ومال کا تحفظ کرنا ہمارا اولین فرض ہے ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے، معززین علاقہ نے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی طرف سے پولیس فورس کی بہتری اور شہریوں کہ سہولیات کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ مقامی شہریوں نے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے،اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر شاہ، ایس پی صدر نوشیروان علی، ایس ڈی پی او مہر منور علی اور ایس ایچ او تھانہ گولڑہ بھی موجود تھے