اسلام آباد 08 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
سرکاری ٹی وی نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے حوالے سے کہا کہ ‘کالعدم تحریک طالبان سے آئین پاکستان کے تحت مذاکرات ہورہے ہیں، معاہدے کے تحت مکمل جنگ بندی پر آمادگی ہوچکی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘پیش رفت کو سامنے رکھتے ہوئے جنگ بندی میں توسیع ہوگی’۔
وزیراطلاعات ونشریات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘مذاکرات میں ریاست کی حاکمیت، ملکی سلامتی، متعلقہ علاقوں کا امن، معاشرتی اوراقتصادی استحکام کو ملحوظ خاطررکھاجائےگا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘افغان عبوری حکومت نےمذاکرات میں کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان نے تحریک طالبان سے مذاکرات کا تذکرہ بھی کیا تھا’۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ افغانستان کے جنوب مغربی صوبے خوست میں تقریباً دو ہفتوں سے دونوں فریقین کے درمیان براہ راست آمنے سامنے ہونے والی بات چیت جاری تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ بات چیت کا نتیجہ ملک بھر میں جنگ بندی کا اعلان کرنے کے لیے ایک عارضی مفاہمت کی صورت میں نکلا جو اعتماد سازی کے لیے ٹی ٹی پی کے کچھ معمولی جنگجوؤں کی رہائی سے مشروط ہے۔