وزیراعظم عمران خان نے اتحادی ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو آج ظہرانے پر بلایا

 
0
80

اسلام آباد 10 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے اتحادی ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو آج ظہرانے پر بلایا ہے۔ رپوٹ کے مطابق اتحادیوں کو مختلف قومی امور پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ عمران خان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل اتحادیوں کو حکومت انتخابی اصلاحات، لا ریفارمز، الیکٹرانک ووٹنگ اور کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق قانون سازی اعتماد میں لیں گے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل ہوگا۔ وزیراعظم نے تمام ارکان کو پہلے ہی ہدایت کر رکھی ہے کہ اپنی پارلیمنٹ کے اجلاس میں حاضری یقینی بنائی جائے۔

خیال رہے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں حکومت کو اپوزیشن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اپوزیشن نے حکومتی شکست کو اپنی جیت سے تعبیر کیا ہے۔ رپوٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے ایوان میں پیش کردہ دو بلوں پر حکومت کی نسبت اپوزیشن کو زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا حکومت کی شکست پر اپوزیشن جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن نے آج حکومت کو قومی اسمبلی میں شکست دی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی کہا کہ حکومت کو آج قومی اسمبلی میں دوسری شکست بھی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے 127 اور حکومت کے 78 ووٹ نکلے ہیں۔