فیصل واوڈا نااہلی کیس: الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

 
0
175

اسلام آباد 02 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): فیصل واوڈا نااہلی کیس میں چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کر لیں گے، واوڈا صاحب فیصلہ محفوظ کر لیتے ہیں، آپ تحریری دلائل جمع کروا دینا، دوسرا آپشن یہ ہے کہ آپ خود دلائل دیدیں تو فیصلہ کر لیں گے۔جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کی۔ فیصل واوڈا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میرے وکیل کے اہلخانہ بیمار ہیں، ممکن ہے وکیل کو اہلخانہ کے علاج کیلئے باہر جانا پڑے، الیکشن کمیشن کے احترام میں خود آیا ہوں، میری والدہ کا انتقال بھی اسی بیماری سے ہوا تھا، خود آنے کا مقصد یہی ہے کہ ہم کیس کو سنجیدہ لے رہے ہیں۔جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وکیل کے آنے کی ضرورت نہیں، تحریری دلائل بھجوا دیتے۔ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے معاون وکیل کی سرزنش کر دی۔ ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا آپ کیس فائل لے کر آئے ہیں ؟ جس پر معاون وکیل نے کہا کہ کیس فائل سینئر وکیل کے پاس ہے۔ ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ آپ طے کر کے آئے ہیں کہ کیس چلنے نہیں دینا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کسی نے تحریری دلائل دینے ہیں تو جمع کرا دے۔الیکشن کمیشن نے سماعت23دسمبر تک کیلئے ملتوی کر کے فیصلہ فیصل واوڈا سمیت تمام فریقین کو تحریری دلائل کیلئے آخری موقع دے دیا ہے ۔