کشمیری و پاکستانی قوم ایک اور وحدت کی علامت ہیں،کشمیر کی تحریک منزل کی جانب بڑھ رہی ہے‘ شہداء کشمیر کانفرنس

 
0
992

لاہور جولائی 29(ٹی این ایس ) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے جس کسی نے بے وفائی کی اس کا انجام اچھا نہیں ہوا،کشمیری و پاکستانی قوم ایک اور وحدت کی علامت ہیں،کشمیر کی تحریک منزل کی جانب بڑھ رہی ہے،جہاں شہداء کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا ،مودی کے امریکہ و اسرائیل کے دوروں سے تحریک کشمیر سبوتاژ نہیں ہو گی،پروفیسر حافظ محمد سعید کو فوری رہا کیا جائے،اپنوں پر پابندیاں لگانے اور نظربندیوں کی بجائے ان کو حوصلے دیئے جائیں،بھارتی فوج خوف و بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو نہتے سنگبازوں کو گولی مارنے کا حکم دے رہی ہے،سعودی عرب کی قیادت میں اسلامی ممالک کے اتحاد کو منظم و مضبوط کیا جائے،فرقہ بندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کا اتحاد سب کے سامنے ہے، ہم نے اتحاد کو قائم رکھنا اور کشمیر کے بنیادی نقطے پر قوم کو منظم کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہاردفاع پاکستان کونسل وجماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد،پیر سید ہارون علی گیلانی،مولانا فضل الرحمان خلیل،متحدہ جہاد کونسل کے رہنماجنرل عبداللہ،ابوہجرت،مولانا عبدالستار،مولانا عبداللہ نثار،ابو عمار،محمد اصغر،عرفان صادق نے سنی مارکیٹ تلہ گنگ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام شہداء کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شہر و گردو نواح سے آنے والے ہزاروں افرادموجود تھے۔جماعۃ الدعوۃ کی میزبانی میں ہونے والی کانفرنس کے آغاز سے قبل ہی پنڈال میں لگائی گئی کرسیاں بھر چکی تھیں۔شرکاء کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ،کشمیر کی آزادی تک ،بھارت سے جنگ رہے گی،مودی کا جو یار ہے ،غدار ہے ،غدار ہے،کشمیر بنے گا پاکستان،حافظ محمد سعید کو رہا کرو و دیگر نعرے لگاتے رہے،دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کے سٹیج آمد کے موقع پر حاضرین نے نعروں کے ذریعہ شاندار استقبال کیا۔دفاع پاکستان کونسل وجماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد نے کہا کہ نریندر مودی سے دوستانہ رویے پروان چڑھا کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جاتا رہا۔ کشمیریوں کو اعتماد دلانے کی بجائے انڈیا کو خوش کرنا کسی طور درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ دختران ملت کی چیئرمین سیدہ آسیہ اندرابی گرفتار ہیں۔ حافظ محمد سعید کی گرفتاری پر انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہندو فوج کی گولیوں سے ہمارے لاکھ بیٹوں کو شہید کر دیا جاتا تو ہمارے دلوں پر ایسی قیامت نہ ٹوٹتی جو حافظ محمد سعید کو نظربند کر کے پاکستانی حکمرانوں نے بپا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ستر سال پہلے کلمہ طیبہ کی بنیار پر معرض وجود میں آیا تھا اور اس کی بنیاد میں لاکھوں شہیدوں کا لہو ہے۔نظریہ پاکستان سے جو بھی بے وفائی کرے گا اس کا انجام خوفناک ہو گا۔کشمیریوں سے بے وفائی موجودہ حکومت کا جرم ہے۔بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی مگر ہمارے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ہدیہ الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ یہ قوم جس نے کلمہ طیبہ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس دھرتی کو حاصل کیا اور اس کے لئے خون بہایا،یہ قوم صحابہ کرام کے راستے پر چلنے والی قوم ہے ،ان کے ہاتھوں میں صلاح الدین ایوبی ،محمد بن قاسم کا پرچم ہے۔ہماری رگ رگ میں اللہ کی توحید کا کلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تم کتنے حافظ سعید نظربند کرو گے؟کتنے وانی مارو گے،ہزاروں وانی پیدا ہوں گے،ایک حافظ سعید کو نظربند کیا جماعۃ الدعوۃ کا ہر جوان حافظ سعید نظر آتا ہے،انہوں نے کہا کہ منزل قریب ہے،حوصلے بلند ہیں۔ انصار الامۃ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان چیخ چیخ کر مدد کے لئے پکار رہے ہیں،بھارت غیر روایتی ہتھیاروں سے کشمیریوں کی آنکھیں نکال رہا ہے،طلبا و طالبات کو گرفتار کیا جا رہا ہے،جبکہ بوڑھے افراد کو بھی پابند سلاسل کیا گیا ہے،ستر سالوں سے کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں انکی تین نسلیں قربان ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سمجھا حافظ محمد سعید کی نظربندی سے تحریک بند اور صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے تحریک کمزور ہو گی،ایسا کبھی نہیں ہو سکتا ،بھارت سب کو نظربند و گرفتار کر لے کشمیریوں کی تحریک پھر بھی جاری رہے گی۔جمعیت المجاہدین جموں کشمیر کے امیر جنرل عبداللہ نے کہا کہ کشمیر ی دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ ہیں۔پروفیسر حافظ محمد سعید نظربند ہیں انکو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملت اسلامیہ جموں کشمیر کے باسی بھی نظربند ہیں، کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچموں میں دفن کرتے ہیں۔کشمیر ی اور پاکستانی ایک ہیں،پاکستان امت کی وحدت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ جس حکمران نے بھی کشمیریوں کے خون سے غداری کی اس کا انجام دنیا نے دیکھ لیا۔جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنماابوہجرت،جماعت اسلامی چکوال کے ضلعی نائب امیرمولانا عبدالستار،جماعۃ الدعوۃ اٹک کے مسؤل مولانا عبداللہ نثار،جماعۃ الدعوۃ چکوال کے ضلعی مسؤل ابو عمار،جماعۃ الدعوۃ تلہ گنگ کے مسؤل محمد اصغر،تحریک آزادی جموں کشمیر تلہ گنگ کے رہنما عرفان صادق نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ستر برس گزرنے کے باوجود حق خود ارادیت نہیں دیا،کشمیر کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی کاز ہے۔تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جہاں قربانیاں دی جاتی ہیں وہیں کامیابی ملتی ہے،انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کہا تھا اس کی حفاظت کرنی ہے ،مودی سرکار کشمیریوں پر اتنا ظلم کرے جتنا برداشت کر سکے۔