پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کا اعلان کر دیا

 
0
187

اسلام آباد 14 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 19 دسمبر کو سندھ میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آمد کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کے باہر علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو لاکھوں ووٹ لے کر آئے انہیں اقلیت کا طعنہ دیا جا رہا ہے۔

صحت کارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں سندھ کو صحت کارڈ نہیں چاہیے اور بلاول بھٹو بھی کہتے ہیں کہ صحت کارڈ نہیں چاہیے۔ بلاول بھٹو کو تو ورثے میں جائیداد مل گئی لیکن سندھ کی عوام کو صحت کارڈ چاہیے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ اگر سب کام وزیر اعظم عمران خان نے ہی کرنے ہیں تو پھر پیپلز پارٹی نے کیا کرنا ہے۔ سندھ حکومت نے عوام کو تعلیم، صحت، پانی اور نہ ہی ٹرانسپورٹ دی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو خوف یہ ہے کہ پنجاب نے انہیں مسترد کر دیا ہے اور اب سندھ میں بھی پیپلز پارٹی چند شہروں میں رہ گئی ہے۔

رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ 19 دسمبر کو ہم سندھ میں احتجاج کے لیے نکلیں گے۔