وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ شہر میں صفائی کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

 
0
120

اسلام آباد 02 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ شہر میں صفائی کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس ضمن میں جہاں اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے جدید مشینری اور افرادی قوت کا اضافہ کیا جا رہا ہے وہیں سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد شہر میں پانی کے ضیاع سمیت کوڑا کرکٹ پھیلانے اور اوپن جگہوں پر ملبے کے ڈھیر پھینکنے کے حوالے سے کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے.

اس حوالے سے جو شہری تعاون نہیں کرتے اور گلیوں، سڑکوں، عوامی گزرگاہوں یا گرین ایریاز میں کچرا، ملبہ وغیرہ پھینکتے ہیں اور پانی بہاتے ہیں انکے خلاف آئی سی ٹی میونسپل بائی لاز 1969 اور اسلام آباد اپ کیپ آف کلینینیس ریگولیشنز 1979(Islamabad Up-keep of Cleanliness Regulations 1979) کے تحت کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ماہ دسمبر میں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ سی ڈی اے نے کچرا وغیرہ گلیوں اور اوپن ایریاز میں پھینکنے پر 112 نوٹسز اور 130 چالان کئے۔ ملبہ وغیرہ گلیوں یا کھلی جگہوں پر پھینکنے پر 46 نوٹسز اور 30 چالان کئے گئے۔ اسی طرح پانی گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر بہانے پر 102 نوٹسز اور 153چالان کئے گئے ۔اس طرح مجموعی طور پر ماہ دسمبر کے دوران 313 افراد کے خلاف چالان اور 260 افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے۔

نوٹس پر عمل کرنے والے شہریوں پر مزید کارروائی نہیں کی گئی۔ جبکہ عمل نہ کرنے والے شہریوں کے چالان جرمانے و مزید کارروائی کے لئے سی ڈی اے اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیجے گئے ہیں۔

بروز اتوار 2جنوری کو جی سیون مرکز ستارہ مارکیٹ میں کھلے عام عوامی گزر گاہ میں پانی بہانے کی شکایت موصول ہوئی۔ جس پر فوری کارروائی کی گئ اور پانی کو بند کروایا گیا اور متعلقہ پلازہ مالک کا موقع پر چالان بھی کیا گیا۔

اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہری سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ، ملبہ وغیرہ کو مختص کردہ مقامات اور گاربیج ٹرالیوں وغیرہ میں ڈالیں۔ مزید پانی کے ضیائع سے گریز کریں۔