وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی امین اسلم کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

 
0
730

اسلام آباد 09 فروری 2022 (ٹی این ایس): سعودی عرب میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور وزیر برائے زراعت و ماحولیات امین اسلم نے سعودی ہم منصب عبدالرحمان بن المحسن الفضلی سے ملاقات کی ہے جس میں ایک یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں جس کے مطابق دونوں ممالک ملکر ماحولیاتی آلودگی اور زراعت کے حوالے سے اقدمات اٹھائیں گے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت زراعت و ماحولیات میں ہونے والی ملاقات میں سعودی وزیر ماحولیات عبدالرحمن بن المحسن الفضلی اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔

پاکستان کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جہاں دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر گفتگو کی گئی وہیں پر سعودی وزیر نے وزیراعظم پاکستان کے گرین پاکستان منصوبے کو سراہا۔

عبدالرحمان بن المحسن الفضلی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ملکر زراعت کے شعبے کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی کام کریں گے۔

وزیر ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرح ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا گرین مشرق وسطیٰ کا وژن بہت اہم ہے جس میں ہمارے ماہرین سعودی عرب آکر تعاون کریں گے۔

اس موقعے پر دونوں ممالک کے وزراء کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ایک یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے جس کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے کام کریں گے۔

جبکہ سعودی عرب پاکستان کی زرعی اجناس بھی درآمد کرے گا اس ملاقات میں سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر بھی موجود تھے۔