قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے کرپٹو کرنسی اور زرعی قرضوں کی تفصیلات طلب کر لیں

 
0
634

اسلام آباد 10 فروری 2022 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے کرپٹو کرنسی اور زرعی قرضوں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ پراپرٹی مینیجمنٹ اتھارٹی بل 2021 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

فیض اللہ کموکا کی زیر صدارتپ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا کمیٹی نے پراپرٹی مینیجمنٹ اتھارٹی بل 2021 متفقہ طور پر منظور کر لیا، کمیٹی میں قحط زدہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو قرضوں کی معافی کے معاملے پر ملک احسان اللہ ٹوانہ کے توجہ دلاو نوٹس پر غور کیا گیا۔

صدر زرعی ترقیاتی بنک نے بتایا بنک مالی مسائل کی وجہ سے قرضے معاف نہیں کرسکتا، اپنے مالی معاملات کے اندر رہتے ہوئے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، کمیٹی نے زرعی قرضوں کے اجرا کی تفصیلات طلب کر لیں۔

قائمہ کمیٹی میں اسامہ قادری کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے رکن کمیٹی کا توجہ دلاو نوٹس پر غور کیا گیا، اسامہ قادری نے بتایا دنیا کے 75 سے زیادہ ممالک میں ڈیجیٹل کرنسی سے خریدوفروخت کیلئے مشینیں قائم کی گئی ہیں۔

ملک میں جو کرپٹو کرنسی بلاک چین کے ایکسپرٹس موجود ہیں انسے فائدہ اٹھانا چاہیئے، حکومت نے کرپٹو کرنسی کو بین کرنے کی وجہ بتائے بغیر اسے بین کر دیا، پاکستان میں کرپٹو کرنسی کا کاروبار تیس ہزار افراد کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ بنک حکام نے بتایا پاکستان میں صرف پاکستانی روپیہ قانونی حیثیت رکھتا ہے کرپٹو کرنسی نہیں، دنیا بھر میں صرف سلوا ڈور اور کیوبا میں کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت حاصل ہے، کمیٹی نے کرپٹو کرنسی معاملے پر ماہرین کو رائے کیلئے آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔