دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 60 روپے تک کے اضافے کا امکان

 
0
625

اسلام آباد 14 فروری 2022 (ٹی این ایس): مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بُری خبر آگئی۔ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔

دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 60 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز نے وزیر اعظم عمران خان کو اس ضمن میں خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق 17 فیصد سیلز ٹیکس سے دودھ کی قیمتیں بڑھ جائیں گی، سیلز ٹیکس کا مسئلہ حل نہ ہوا تو دودھ 200 روپے فی لیٹ میں فروخت ہو سکتا ہے۔

کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت 120 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔ اس کے باوجود شہر میں دکاندار دودھ فی لیٹر 140 روپے فروخت کر رہے ہیں۔

گزشتہ سال 8 دسمبر کو کمشنر کراچی اقبال میمن نے مشاورت کے بعد شہر میں دودھ کی نئی قیمت 120 روپے فی لیٹر مقرر کی جس کا ‏باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم جائزہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ دودھ کی نئی قیمت فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ دودھ کی ڈیری فارمرز کی قیمت 105 اور تھوک قیمت 110 روپے فی لیٹر ہوگی۔ سرکاری قیمت ‏کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر اقبال میمن نے ہر 3 ماہ بعد دودھ کی قیمت کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔