وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم اوروزیرسرمایہ کاری و فارن ٹریڈ سردورعمر زاکوف کی ملاقات، باہمی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا

 
0
121

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم اوروزیرسرمایہ کاری و فارن ٹریڈ سردورعمر زاکوف نے ملاقات کی ہے ،ملاقات کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے لاہور اور تاشقند کے درمیان سیاحت، کاروباری روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے لئے براہ راست پروازوں کی بحالی اور افغانستان میں سلامتی اور استحکام کی اہمیت پرزور دیا ہے۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم اوروزیرسرمایہ کاری و فارن ٹریڈ سردورعمر زاکوف نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے ازبکستان کے ساتھ تجارت ، زراعت ، توانائی اور عوامی سطح پر رابطوں کے تمام شعبوں میں تعلقات استوار کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ وہ آئندہ ماہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے علاقائی روابط اور انضمام کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر علاقائی خوشحالی کا سبب بننے والے رابطوں کو آگے بڑھانے کے لئے افغانستان میں سلامتی اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمہ کے لئے انسانی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے لاہور اور تاشقند کے درمیان سیاحت، کاروباری روابط اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لئے براہ راست پروازوں کی بحالی کی اہمیت پرزور دیا۔ انہوں نے ترجیح تجارتی معاہدے سمیت تمام زیر التوا دو طرفہ مفاہمت ناموں اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کے ازبکستان کے وزیر اعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔